مقالات مولانا عبد الخالق قدوسی رحمہ اللہ کی اولین اشاعت

مولانا عبد الخالق قدوسی رحمہ اللہ۔۔۔ ( شہادت 23 مارچ 1987ء)۔۔۔ کا شمار پاکستان کے نامور اہل حدیث علماء میں ہوتا ہے جو مختلف علوم وفنون بالخصوص تاریخ پر گہری نظر رکھتے تھے اور بقول حضرت العلام مولانا ارشاد الحق اثری: وہ ایک متبحر عالم اور بلند پایہ محقق تھے۔بعض تاریخی اور کچھ دیگر علمی وفقہی موضوعات پر ان کی کچھ تحقیقی نگارشات منظر عام پر آئیں جو اگرچہ تعداد میں تھوڑی لیکن بلا شبہہ قامت کہتر مگر بقیمت بہتر کی مصداق ہیں۔ان تحاریر کے مطالعے سے لکھنے والے کی وسعت مطالعہ،دقت نظری، اجتہادی بصیرت اور تاریخی روایات کا روایت ودرایت کی مدد سے تحقیقی جائزہ قاری کو متاثر کرتا ہے۔۔۔پھر اسلوب تحریر میں سلاست وروانی، ادبی چاشنی، ہر بات کا ژرف نگاہی سے تجزیہ، موقف سے شدید اختلاف کے باوجود مخالف کا کامل احترام اور اس کی درشتی کے باوجود عنان قلم کا رخ موضوع کے تصفیہ کی طرف رکھنا یقینا ایک کامیاب قلم کار کی نشانی ہے جو مولانا قدوسی کی تحریرات میں جا بجا دیکھنے کو ملتی ہے۔اس مجموعے میں جن موضوعات پر داد تحقیق دی گئی ہے ان میں: امام طبری کی علمی خدمات اور ان پر قدیم وجدید اعتراضات بالخصوص تمنا عمادی اور محمود عباسی کے اتہامات کا تفصیلی جائزہ۔۔۔۔۔تاریخ اہل حدیث برصغیر کا مفصل تذکرہ اور ان کی دینی خدمات پر معترضین کے عائد کردہ اشکالات بالخصوص شیخ الکل میاں نذیر حسین محدث دہلوی، مولانا محمد حسین بٹالوی، تحریک جہاد اور دیگر ملی خدمات کا تذکار، جامعہ سلفیہ فیصل آباد کی مستند ابتدائی تاریخ، اہل الحدیث اور اہل الرائے کے ما بین بعض مختلف فیہ مسائل پر قیمتی تاریخی فوائد ونکات جیسے موضوعات پڑھنے کو ملیں گے۔یہ مضامین تا حال مختلف رسائل وجرائد اور قلمی مسودات ہی میں تھے جنھیں پہلی بار کتابی شکل میں شائع کیا گیا ہے۔یہ کتاب بڑے سائز کے 536 صفحات پر مشتمل ہے۔ رعایتی قیمت 840 روپے ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Open chat
1
Hi, how can I help you?