فتاوی نواب صدیق حسن خان رحمہ اللہ کا ترجمہ واشاعت

مجدد العصر والا جاہ نواب صدیق حسن خان رحمہ اللہ اپنے عہد کی عبقری شخصیت اور علم و عمل کے اعتبار سے نہایت بلند مقام پر فائز تھے۔ انھوں نے دعوت و تبلیغ، تصنیف و تالیف، تعلیم و تدریس اور دیگر ذرائع و اسالیب سے کئی تجدیدی کارنامے انجام دیے جن کے اثرات ہند و بیرون ہند میں دور دراز تک پہنچے اور خلقِ کثیر ان سے مستفید ہوئی۔
نواب صاحب مرحوم نے مختلف علوم و فنون میں دو صد سے زیادہ کتب لکھی ہیں جن میں متعدد کتابوں کا تعلق فقہ و اِفتا سے ہے اور یہ علمی ذخیرہ تینوں زبانوں: عربی، اردو اور فارسی میں مطبوع ہے۔ کتبِ فتاویٰ میں نواب صاحب مرحوم کے دو ضخیم مجموعے ہیں جو ڈیڑھ ہزار سے زائد صفحات پر پھیلے ہوئے فارسی زبان میں ہیں اور بیسیوں مسائل کی توضیح و تشریح پر مشتمل ہیں۔ زیر نظر طباعت میں یہی دو فارسی مجموعے اردو قالب میں پیش کیے گئے ہیں۔

(1)

۔ ان فتاویٰ کا پہلا مجموعہ ’’ہدایۃ السائل إلیٰ أدلۃ المسائل‘‘ کے نام سے 546 صفحات پر مشتمل ہے جو 1292ھ میں مطبع شاہجہانی بھوپال سے طبع ہوا تھا۔ یہ مجموعہ 107 فتاویٰ پر مشتمل ہے جس میں عقائد و عبادات اور دیگر مسائل سے متعلق استفسارات کے جواب دیے گئے ہیں۔

(2)
۔ دوسرا مجموعہ ’’دلیل الطالب علیٰ أرجح المطالب‘‘ ہے۔ یہ بھی فارسی زبان میں ہے اور 1002 صفحات پر مشتمل ہے۔ اس میں 180 سوالات کے جوابات ہیں اور آخر (181) میں خاتمہ کتاب کے اندر گناہوں کی بخشش کا ذریعہ بننے والے اعمال کا مفصل تذکرہ گیا ہے۔
یہ مجموعہ پہلی مرتبہ مطبع شاہجہانی بھوپال سے 1295ھ میں اشاعت پذیر ہوا تھا۔ اس کتاب کی ایک خوبی یہ ہے کہ مولف نے ہر سوال و جواب کو ایک مستقل نام دیا ہے، گویا ہر فتویٰ ایک علاحدہ رسالہ ہو۔ پھر یہ تمام نام بھی مسجع و مقفیٰ عبارات میں ہیں جو صاحبِ کتاب کی عربی زبان و ادب پر مہارت و لیاقت پر دلالت کناں ہیں۔ اسی وجہ سے بعض اہلِ علم نے ان تمام فتاویٰ کو مصنف کے مستقل رسائل شمار کیا ہے اور ان کی تالیفات کی تعداد تین صد سے بھی اوپر بتائی ہے۔
(دیکھیں: جماعت اہلِ حدیث کی تصنیفی خدمات از مولانا محمد مستقیم سلفی)

ایک وضاحت:
مذکورہ بالا فتاویٰ کے دونوں مجموعوں کے علاوہ بھی نواب صاحب رحمہ اللہ کی فتاویٰ سے متعلق دو کتب کا ذکر ملتا ہے، لیکن ہم نے انھیں اس مجموعے میں شامل نہیں کیا جس کے اسباب یہ ہیں:
1۔ ’’حل سؤالات مشکلہ‘‘ کے نام سے نواب صاحب مرحوم کے فتاویٰ کا ایک مختصر مجموعہ موجود ہے جس کی ضخامت 32 صفحات ہے اور یہ 24 سوالات کے جوابات پر مشتمل ہے۔ یہ مجموعہ 1289ھ میں مطبع نظامی کان پور سے شائع ہوا تھا۔ چونکہ یہ تمام سوالات اور ان کے جواباب ’’ہدایۃ السائل‘‘ میں موجود ہیں، اس لیے اسے زیرِ نظر مجموعے میں شامل نہیں کیا گیا۔
2۔ ’’فتاویٰ نواب صدیق حسن خان‘‘ کے نام سے ایک مجموعہ مکتبہ محمدیہ لاہور کی طرف سے مئی 2013ء میں شائع ہوا تھا جو 400 صفحات پر مشتمل ہے۔ یہ اس مجموعے کی دوسری اشاعت ہے، اس کی اولین طباعت شیخ محی الدین لاہوری مرحوم کے زیرِ اہتمام مطبع احمدی لاہور سے دو جلدوں میں منظر عام پر آئی تھی۔
دراصل یہ نواب صاحب مرحوم کا فتاویٰ ہے ہی نہیں، بلکہ اس کا زیادہ تر حصہ ’’فتاویٰ نذیریہ‘‘ سے ماخوذ ہے جس میں نواب صاحب رحمہ اللہ کا ایک فتویٰ بھی شامل نہیں، البتہ کتاب کے آخر میں کچھ مباحث نواب صاحب مرحوم کی تالیف ’’دلیل الطالب‘‘ سے مختصراً اردو ترجمہ کر کے سوالاً جواباً شامل کر دیے گئے ہیں اور اسی بنا پر سارے مجموعے ہی کو ’’فتاویٰ نواب صدیق حسن خان‘‘ کے نام سے موسوم کر دیا گیا ہے جو بہر آئینہ درست نہیں۔
چونکہ ان علمی جواہر ‘ہدایة السائل’ اور ‘دلیل الطالب’ کا یہ خزینہ فارسی زبان میں تھا اور مدت سے نایاب تھا جس کی بنا پر اہلِ علم کے لیے اس سے استفادہ کرنا ممکن نہیں رہا تھا، اسی ضرورت کے پیشِ نظر ’’دار ابی الطیب۔ گوجرانوالہ‘‘ کے ذمے داران نے اسے اردو زبان میں منتقل کرنے کا عزم کیا، جسے عملی جامہ استاد محترم مولانا عبداﷲ سلیم صاحب نے پہنایا اور ہمارے لیے اس سے استفادے کی راہ آسان بنائی۔ جناب مولانا عبداﷲ سلیم صاحب نے کئی برس کی محنتِ شاقہ کے بعد اس کتاب کی فارسی،عربی عبارات و اشعار کا ترجمہ بھی کیا ہے اور ان فتاویٰ میں منقول نصوص و عبارات کی تخریج و تصحیح کا فریضہ بھی انجام دیا ہے جس پر وہ دادِ تحسین کے مستحق اور ہمارے شکریے کے سزاوار ہیں۔ ﷲ تعالیٰ ان کی یہ کاوش قبول کرے اور روزِ آخرت اسے بلندیِ درجات کا ذریعہ بنائے۔
ناسپاسی ہو گی یہاں اگر ہندوستان کے معروف عالمِ دین فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر لیث محمد مکی صاحب کا شکریہ نہ ادا کیا جائے جنھوں نے ان فتاویٰ کے اردو ترجمے پر نظر ثانی کی اور کئی مفید مشورہ جات اور تجاویز سے نوازا جن سے اس اشاعت کو بہتر بنانے میں مدد ملی۔ ﷲ تعالیٰ انھیں بھی جزائے خیر عطا فرمائے اور ان کی اس سعی کو توشۂ آخرت بنائے۔

اس کتاب کی طباعت و اشاعت میں جن حضرات نے بھی دامے درمے قدمے سخنے تعاون کیا ہے، ﷲ تعالیٰ انھیں اجرِ جزیل سے نوازے اور خدمتِ دین کی مزید توفیق ارزاں کرے۔ آمین یا رب العالمین

یہ اردو اڈیشن 5 جلدوں اور 3168 صفحات پر مشتمل ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Open chat
1
Hi, how can I help you?